May ۱۳, ۲۰۲۲ ۲۳:۲۹ Asia/Tehran
  • دہلی، تین منزلہ عمارت میں شدید آگ، 27 ہلاک، درجنوں زخمی

ہندوستان کے دار الحکومت دہلی کے منڈکا میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک تین منزلہ تجارتی عمارت میں آج شام کو شدید آگ لگ گئی جس میں بڑی تعداد میں افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک مجموعی طور پر 27 لاشیں نکالی گئی ہیں اور 50 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

دہلی کے ڈپٹی فائر چیف سنیل چودھری نے یہ اطلاع دی۔ ادھر دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ اب بھی ایک منزلہ کمرشل عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں۔ کمپنی کے مالکان ہریش گوئل اور ورون گوئل کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

منڈکا کے علاقے میں آتشزدگی کی وجہ سے باضابطہ 27 افراد کی المناک موت ہو گئی ہے۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے یہ اطلاع دی۔

 جین نے کہا کہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پوری عمارت جل گئی ہے۔ 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تمام لاشیں دوسری منزل سے ملی ہیں۔ 8 افراد زخمی جنہیں ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

مقامی پولیس فورس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار رات دیر تک موقع واردات پر موجود رہے۔

واضح رہے کہ کمرشل عمارت میں سی سی ٹی وی کیمرہ اور راؤٹر بنانے والی کمپنی کا دفتر ہے۔

ادھر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی آتشزدگی میں جان گنوانے والوں کے لواحقین کو پی ایم این آر ایف سے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50،000 روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹویٹ کرکے کہا ہے کہ این ڈی آر ایف بھی راحت اور بچاؤ آپریشن میں مصروف ہے۔ اس واقعہ پر غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ دہلی کے منڈکا میں آتشزدگی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ میں متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہوں، انتظامیہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہے۔ این ڈی آر ایف بھی جلد ہی وہاں پہنچ رہا ہے۔ ہماری ترجیح لوگوں کو نکالنا اور زخمیوں کو فوری علاج فراہم کرنا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ عمارت سے 60 سے 70 افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کچھ لوگ اب بھی اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع تقریباً 4 بجکر 40 منٹ پر ملی جس کے بعد 24 فائر ٹینڈر موقع پر بھیجے گئے۔

ٹیگس