ہندوستان میں گھریلو اور کمرشل گیس کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ
ہندوستان میں گھریلو اور کمرشل ، گیس کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا۔
ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق ہندوستان میں مہنگائی کے تعلق سے عوام کو ایک اور جھٹکا دیتے ہوئے، گھریلو گیس کی قیمت، تین روپے پچاس پیسے اور کمرشل گیس کی قیمت آٹھ روپے فی سلنڈر بڑھا دی گئی ہے۔
نئے اضافے کے بعد ہندوستان کے سبھی بڑے شہروں میں گھریلو استعمال کے ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت ایک ہزار روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق چودہ کلو دوسو گرام گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت دہلی میں ایک ہزار تین روپے، کولکتہ میں ایک ہزار انتیس روپے،ممبئی میں ایک ہزار دو روپے پچاس پیسے، اور چنئی میں ایک ہزار اٹھارہ روپے پچاس پیسے ہوگئی ۔
ہندوستان میں گھریلو گیس کی قیمت میں رواں مہینے میں دوسری بار اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے سات مئی کو گھریلو استعمال کی ایل پی جی گیس کی قیمت میں پچاس روپے فی سلنڈر اضافہ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب کمرشل گیس کی قیمت میں آٹھ روپے فی سلنڈر کے نئے اضافے کے بعد انیس کلو کے ایک کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت دہلی میں دو ہزار تین سو چون روپے، کولکتہ میں دو ہزار چار سو چون روپے ، ممبئی میں دو ہزار تین سو چھے روپے اور چنئی میں دو ہزار پانچ سو سات روپے ہوگئی۔