کشمیر؛ منہدم ٹنل کے ملبے سے 10 مزدوروں کی لاشیں بر آمد
ہندوستان کے زیر انتظام سرینگر جموں شاہراہ پر خونی نالہ کے نزدیک ٹنل منہدم ہونے کے نتیجے میں ملبے کے نیچے دفن دس مزدوروں کی لاشیں بر آمد کی گئیں۔
تقریبا 45 گھنٹوں کے بعد خونی نالہ ٹنل حادثہ میں زندہ دفن ہونے والے سبھی 10 مزدوروں کی لاشیں بر آمد کی گئیں، جس کے بعد بچاؤ کارروائیوں کا عمل ختم کر دیا گیا۔
جمعہ کی شام خونی نالہ کے مقام پر بچائو کارروائی کے دوران پہاڑی کا ایک اور حصہ اچانک گر آیا ، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او رامسو نعیم الحق سمیت بچاو ٹیموں کے تقریبا 15 افراد معجزاتی طور بچ نکلے۔جمعرات کی شب تقریبا پونے 10بجے خونی نالہ کے مقام پر منہدم ہوئے زیر تعمیر فورلین ٹنل کا ایک حصہ گرنے کے نتیجے میں بھاری ملبے کے نیچے دفن 10 مزدوروں کی لاشیں سنیچر کی شام 7 بجے نکالی گئیں، ایک مزدور کی لاش جمعہ کی صبح نکالی گئی جبکہ دیگر 9 کی تلاش جاری رہی۔
جمعہ کی شب تقریبا 10بجے 24 گھنٹوں کے بعد رات بھر کے لئے بچائو آپریشن ملتوی کیا گیا جسے سنیچر کی صبح دوبارہ شروع کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جس وقت ٹنل کا ایک حصہ گرا اس وقت وہاں چٹان کاٹنے والا(Rock Driller) ایک راک ڈرلر،ایک بومر اور ایک ٹپر موجود تھے، جن کیساتھ 13 مزدور بھی کام کر رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ 3 مزدوروں کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا جبکہ دیگر 10مزدور بھاری پتھروں کے نیچے آگئے۔