May ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۰:۱۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان نے چینی کی برآمدات روک دی

ہندوستانی حکومت نے یکم جون سے چینی کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی ہے جس کا مقصد مقامی مارکیٹ میں چینی کی دستیابی میں اضافہ اور قیمتوں میں اضافے کو روکنا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ چینی کی برآمدات کو یکم جون 2022 سے محدود زمرے میں رکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی CXL اور TRQ کے تحت یورپی یونین اور امریکا کو برآمدات کی جانے والی چینی پر نافذ نہیں ہوگی۔

چینی کی ایک خاص مقدار ان علاقوں کو CXL اور TRQ کے تحت برآمد کی جاتی ہے۔ ایک بیان میں حکومت نے کہا کہ چینی سیزن 2021-22 کے دوران ملک میں چینی کی مقامی دستیابی اور قیمت میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے، اس نے یکم جون سے چینی کی برآمدات کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے چینی سیزن 2021-22 کے دوران ملکی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے مقصد سے 100 LMT تک چینی کی برآمدات کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل ہندوستان نے مقامی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کے تحت فوری طور پر گندم کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی تھی۔

اس وقت ڈی جی ایف ٹی نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت ہند کی طرف سے دوسرے ممالک کو ان کی غذائی تحفظ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اور ان کی حکومتوں کی درخواست کی بنیاد پر گیہوں کی برآمدات کی اجازت دی جائے گی۔

ٹیگس