ہندوستان: ایوان کی کارروائی بلاتعطل چلانے کی اپیل
ہندوستان کی لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جمعہ کو ملک کے قانون ساز اداروں کے پریزائیڈنگ افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ایوانوں میں جہاں سطحی بات چیت ہو غیرجانبداری کے ساتھ اور بلا تعطل کارروائی کرنے کی کوشش کریں۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جمعے کو ملک کے قانون ساز اداروں کے پریزائیڈنگ افسران کی کانفرنس سے خطاب کیا۔ انھوں نے اس خطاب میں کہا کہ پریزائیڈنگ افسران متعلقہ ایوانوں میں جہاں سطحی بات چیت ہو غیرجانبداری کے ساتھ اور بلا تعطل کارروائی جاری رکھنے کی کوشش کریں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں منعقدہ ریاستی اسمبلیوں کے اسپیکروں، قانون ساز کونسلوں کے چیئرمینوں اور پریزائیڈنگ افسران کی کانفرنس سے خطاب میں لوک سبھا کے اسپیکراوم برلا نے کہا کہ ملک کے اندر ہمیں اپنے پارلیمانی جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں کرنا ہوں گی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں کئی برسوں سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مختلف وجوہات کے تحت حزب اختلاف کے احتجاج کی بنا پر کاروائیاں معطل ہوتی رہی ہیں اور معمول کے مطابق کارروائی نہیں چل سکی ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ حزب اختلاف کانگریس پارٹی کے لیڈران نے جمعرات کو نئی دہلی میں پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں مفاد عامہ کے مسائل اٹھائیں جائیں گے اور حکومت کو گھیرنے کی کوشش کی جائے گی۔