Jul ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے میں تعاون کی اپیل

ہندوستان کے اسپیکر نے سبھی سیاسی جماعتوں کے اراکین سے ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی پارلیمنٹ لوک سبھا کے مانسون اجلاس سے قبل اسپیکر اوم برلا کی سربراہی میں، کل جماعتی میٹنگ میں سبھی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے میٹنگ سے خطاب میں سبھی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں سے اپیل کی کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں ملک کے سلگتے ہوئے مسائل اٹھائیں اور ان پر نتیجہ خیز بحث کریں۔

انھوں نے اسی کے ساتھ اپیل کی کہ سبھی سیاسی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے میں تعاون کریں۔

رپورٹ کے مطابق حزب اختلاف کے رہنماؤں نے اجلاس کے بارے میں تجاویز پیش کیں اور مہنگائی اور بے روزگاری جیسے اہم مسائل پر ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔
کل جماعتی میٹنگ کے بعد ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے صحافیوں کو بتایا کہ میٹنگ میں ان کی جماعت نے فوج میں بھرتی کی اگنی پتھ اسکیم سمیت، سبھی اہم مسائل پر پارلیمنٹ میں بحث کرائے جانے کا مطالبہ کیا۔ ہندوستانی پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس پیر اٹھارہ جولائی سے شروع ہو رہا ہے۔

ٹیگس