Aug ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں نائب صدر کے انتخاب کے لئے ووٹنگ

ہندوستان میں نائب صدر کے انتخاب کے لئے سنیچر کو ووٹنگ ہوئی۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کے مطابق نائب صدر کے انتخاب کے لئے ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہی گی ۔
رپورٹ کے مطابق ووٹنگ کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر پولنگ بوتھ پر جاکر اراکین نے ووٹ دیئے ۔

ہندوستان میں نائب صدر کے انتخاب میں پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا اور ایوان بالا راجیہ سبھا کے اراکین ووٹ دیتے ہیں۔
ہندوستان کے الیکشن کمیشن کے مطابق نائب صدر کے انتخاب کے لئے الیکٹورل کالج کے ممبران کی تعداد سات سو اٹھاسی ہے جن میں پانچ سو تینتالیس ممبران لوک سبھا اور دو سو پینتالیس راجیہ سبھا کے ہیں ۔ ہندوستان کے الیکشن کمیشن کے مطابق نائب صدر کے الیکشن میں الیکٹورل کالج کے ہر ممبر کے ووٹ کی ویلو یکساں ہوتی ہے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کے نتائج کا آج ہی اعلان کیا جاسکتا ہے۔
حکمراں اتحاد کی جانب سے جگدیپ دھنکھڑ اور حزب اختلاف کی طرف سے معروف سیاستداں مارگریٹ الوا امیدوار ہیں ۔

ٹیگس