Aug ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۶:۵۷ Asia/Tehran
  • بی جے پی رکن صوبائی اسمبلی کا شان رسالتماب (ص) میں گستاخانہ بیان

ہندوستان کے شہر حیدرآباد دکن میں بی جے پی کے ایک رکن صوبائی اسمبلی کے ذریعے شان رسالتماب (ص) میں گستاخانہ بیان دیئے جانے پر شہر میں لوگوں نے شدید احتجاج کیا جس کے بعد گستاخ رسول کو گرفتار کرلیا گیا۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق حیدرآباد دکن کے علاقے گوشا محل سے بی جے پی کے رکن صوبائی اسمبلی ٹی راجاسنگھ نے ایک ویڈیو کلپ میں شان رسالتماب (ص) میں توہین آمیز بیان دیا تھا جس کے بعد شہر کے کئی علاقوں کے تھانے کے باہر لوگوں نے شدید احتجاج کیا اور بی جے پی کے ایم ایل اے کی گرفتاری کا مطالبہ کیا - بعد ازاں پولیس نے گستاخ رسول راجا سنگھ کو گرفتار کرلیا -

بی جے پی کے رکن صوبائی صوبائی اسمبلی کے خلاف حیدر آباد کے کئی تھانوں میں الگ الگ شکایتیں درج کرائی گئی ہیں - عدالت نے ٹی راجا سنگھ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے اسے ضمانت دے دی ہے ۔
اس واقعے کے بعد مرکز میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی نے ٹی راجا کو پارٹی سے معطل کردیا ہے اور اسے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا ہے - اس واقعے پر مسلمانوں میں ایک بار پھر شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے -

حیدرآباد کی انتظامیہ نے ہر طرح کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے شہر میں سیکیورٹی سخت کردی ہے -

واضح رہے کہ اپریل کے آخر میں بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے بھی شان رسالتماب (ص) میں گستاخی کی تھی جس کے بعد پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے اور ہندوستانی حکومت کو عالمی سطح پر خفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ٹیگس