Aug ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۰:۴۱ Asia/Tehran
  • انسانیت کی خاطر حسینی عزاداروں نے خون کا عطیہ دیا۔ ویڈیو+تصاویر

قیمتی جان کو بچانا شہید انسانیت حضرت امام حسین ؑ کے تئیں بہترین خراج عقیدت ہے ۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی انجمن شرعی شیعیان سے منسلک انجمن بلڈ ڈونرز گروپ اور Who is Hussain کے زیر اہتمام سے مرکزی امام باگاہ بڈگام میں عطیۂ خون کا کیمپ لگایا گیا جہاں درجنوں نوجوانوں نے حضرت امام حسین ؑ کے نام پر خون کا عطیہ دیا۔ کیمپ کے لئے ضلع اسپتال بڈگام، ضلع اسپتال پلوامہ، ضلع اسپتال شوپیان، ضلع اسپتال کپوارہ نے پیشہ وارانہ خدمات انجام دیں۔

خون کا عطیہ دینے والے نوجوانوں کے جذبہ انسانیت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن بڈگامی نے کہا کہ کسی قیمتی جان کو بچانا شہید انسانیت حضرت امام حسین ؑ کے تئیں بہترین خراج عقیدت ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان نوجوانوں کے جذبۂ حسینیت سے ترغیب پاکر دیگر نوجوان بھی اس کار ثواب کی طرف مائل ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ برطانیہ کی رضاکار تنظیم Who is Hussain نے پوری دنیا کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی عطیۂ خون کے کیمپوں کا انعقاد کرکے ایک دن میں 50 ہزار پوائنٹ خون جمع کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

مذکورہ رضاکار تنظیم کی جانب سے وادی میں سنیچر کو پروگرام کے تحت امام باڈہ جڈی بل، امام بارگاہ آیت اللہ یوسف بمنہ، مرکزی امام بارگاہ بڈگام، مرکزی بارگاہ، گوم بانڈی میں رضاکاروں نے خون کا عطیہ دیا۔ امام باڈہ جڈی بل کے 310 پوائنٹ خون کے علاوہ وادی کے مختلف امام بارگاہوں میں 2000 پوائنٹ خون جمع کرکے مختلف اسپتالوں کو دیا گیا ہے۔

ہندوستان کی دیگر ریاستوں اور علاقوں میں بھی شیعہ نوجوانوں اور عزاداروں نے بڑی تعداد میں اس کیمپین میں حصہ لے کر اپنے خون کا عطیہ پیش کیا۔

ٹیگس