موجودہ عالمی منظر نامے نے دنیا کو کثیر قطبی بنا دیا ہے: ہندوستانی وزیراعظم
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے موجودہ عالمی منظر نامے میں، بحرہند اور بحر الکاہل کی ترجیحی اہمیت پر زور دیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے جمعے کو کوچین شپ یارڈ میں، ہندوستان کے پہلے طیارہ بردار بحری جہاز وکرانت کو قوم کے نام وقف کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ موجودہ عالمی منظر نامے نے دنیا کو کثیر قطبی بنادیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس کثیر قطبی دنیا میں بحر ہند اور بحرالکاہل کے علاقے کو ترجیحی دفاعی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی سمندری سرحدوی کو محفوظ بنانے سے تجارت میں فروغ آئے گا اور ہندوستان کے ساتھ ساتھ پڑوسی ملکوں کی خوشحالی کی بھی راہ ہموار ہوگی ۔انھوں نے اپنے خطاب میں ہندوستان کے دفاعی نظام کے استحکام میں، سابق صدر اور میزائل پروگرام کے بانی ڈاکٹر اے پی عبدالکلام کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کے لئے طاقت ضروری ہے جس سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نے دعوی کیا کہ بقول ان کے مضبوط ہندوستان، پر امن اور طاقتور دنیا کی راہ ہموار کرے گا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہندوستان کا اہم ترین پڑوسی اور روایتی حریف ملک پاکستان ہندوستان کی دفاعی توانائی کو شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ملکوں کی رقابت کے نتیجے میں ان کے ملک کے بجٹ کا بڑا حصہ دفاع پر خرچ ہوتا ہے۔