غلام نبی آزاد نے اپنی نئی پارٹی کا اعلان کردیا
ہندوستان میں کانگریس سے الگ ہونے والے سینیئر لیڈر غلام نبی آزاد نے اپنی نئی پارٹی کا اعلان کردیا۔
ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر کے سابق وزیراعلی اور کانگریس سے الگ ہونے والے سینیئر لیڈر غلام نبی آزاد نے اپنی نئی پارٹی کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کا نام ڈیموکریٹک آزاد پارٹی رکھا ہے۔
پیر کو جموں میں ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے اپنی پارٹی کے نام کا اعلان اور جھنڈے کی رونمائی کی ۔ غلام نبی آزاد تین روزہ دورے پر اتوار کو دہلی سے جموں پہنچے تھے اپنی نئی پارٹی کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کی آئیڈیالوجی اور نظریات، اس کے نام کی ہی طرح ہوں گے اور اس میں سبھی سیکولر سوچ رکھنے والے افراد شمولیت اختیار کرسکتے ہیں ۔
غلام نبی آزاد نے کہا کہ وہ پارٹی کا ایجنڈا پہلے ہی واضح کرچکے ہیں اور پارٹی کے ایجنڈے میں جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنا اور ملازمتوں نیز زمین کے مالکانہ حق کو علاقے کے لوگوں کے لئے محفوظ بنانا شامل ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی سبھی مذاہب اور پارٹیوں کا احترام کرے گی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ غلام نبی آزاد کے کانگریس سے الگ ہوکر نئی پارٹی کے قیام سے متعلق جموں کشمیر کی ہند نواز جماعتوں کی جانب سے شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ سب بی جے پی کے اشارے پر ہورہا ہے - البتہ غلام نبی آزاد اس طرح کی باتوں کو پہلے ہی مسترد کرچکےہیں ۔