Sep ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۱:۲۹ Asia/Tehran
  • لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی کوشش ناکام،2 ہلاک

ہندوستان نے دعوی کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے مچھل سیکٹر میں گزشتہ روز دراندازی کی ایک کوشش کو فوج اور پولیس نے مشترکہ طور پر ناکام بناتے ہوئے دو دراندازوں کو ہلاک کردیا ۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے لائن آف کنٹرول کے مچھل سیکٹر میں گزشتہ روز دراندازی کی ایک کوشش کو فوج اور پولیس نے مشترکہ طور پر ناکام بناتے ہوئے دو افراد کو ہلاک کرنے کا دعوی کیاہے ۔

فوج کے بریگیڈیئر وندو سنگھ نگئی نے کرنل پوینت اور ڈی ایس پی راشد احمد کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوارن آپریشن کے متعلق میڈیا کو معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مارے گئے دونوں افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کشمیر کے اُدھم پور میں آٹھ گھنٹے کے اندر ایک اور بس میں پراسرار دھماکہ ہوا ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق بدھ دیر رات ہوئے بم دھماکے میں کوئی جانی نقصان ہونے کی خبر نہیں ہے۔

اس سے پہلے کل اودھم پور میں فوجی چوکی کے پاس پیٹرول پمپ پر کھڑی بس میں طاقتور دھماکہ ہوا، اس دھماکے میں دو بسیں تباہ ہوگئی تھیں، جب کہ دو لوگ زخمی ہوئے تھے۔

ابتدائی طور پراسے دہشت گردانہ سازش کہاجارہا ہے۔ فوج، سی آر پی ایف اور پولیس نے علاقے کو گھیر کر چھان بین شروع کردی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اودھم پور میں پرانے ہائی وے پر ٹی سی پی دومیل علاقے میں بیگڑا پیٹرول پمپ پر ایک منی بس سمیت چھ بسیں کھڑی تھیں۔

ہرروز کی طرح بسنت گڑھ روٹ کی بس (جے کے 14ڈی-6857) شام چھ بجے کھڑی ہوئی تھی اور رات 10:30 بجے اس بس میں زبردست دھماکہ ہوا۔ بس اور پاس ہی کھڑی منی بس کا ایک حصہ تباہ ہوگیا۔

بس کنڈکٹر سنیل سنگھ اور منی بس کنڈکٹر وجئے کمار زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال پہنچایا گیا۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ آس پاس کے  علاقوں میں عمارتیں ہل گئيں ۔ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کے اعلیٰ افسروں نے محل وقوعہ پر پہنچ کر چھان بین شروع کردی ۔

ٹیگس