ہندوستان میں مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت
ہندوستان میں آج مہاتما گاندھی کا یوم پیدائش عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق مختلف رہنماؤں نے راج گھاٹ جاکر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھائے۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھانے کے بعد کہا کہ ہمیں ہمیشہ باپو کو یاد رکھنا چاہئے۔ انھوں نے اسی کے ساتھ لوگوں سے اپیل کی کہ مہاتماگاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کھادی اور دستکاری مصنوعات خریدیں ۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی، مہاتما گاندھی کی سمادھی پر حاضری کے بعد سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو خراج عقید ت پیش کرنے کے لئے وجے گھاٹ پہنچے۔ انھوں نے لال بہادر شاستری کی سادگی اور فیصلہ سازی کو قابل تقلید بتایا۔
کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے بھی اتوار کو مہاتماگاندھی کی سمادھی پر حاضری دی اور وہاں منعقدہ دعائیہ پروگرام میں شرکت کی ۔ ان کے ساتھ مہاتماگاندھی کی سمادھی پر حاضری دینے والوں میں پارٹی کی صدارت کے امیدوار اور سینیئر کانگریسی رہنما ملک ارجن کھڑگے بھی شامل تھے۔ ہندوستان کی سبھی ریاستوں اور شہروں میں مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش پر سرکاری اور غیر سرکاری اجتماعات ، سیمیناروں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا۔