ہندوستان: 58 کوہ پیما برفانی تودے میں دب گئے، 4 کی لاشیں نکالی گئی
ہندوستان کی ریاست اترا کھنڈ میں واقع دروپدی کی ایک پہاڑی چوٹی پر منگل کو 58 کوہ پیماؤں کے برفانی تودے میں دب جانے کی اطلاعات ہیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان: اطلاعات کے مطابق اترا کھنڈ کے ضلع اترکاشی کی نہرو انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینیرنگ (این آئی ایم) کی زیر تربیت کوہ پیماؤں کی ایک ٹیم، جس میں 44 طلبا اور 8 اساتذہ سمیت کل 58 افراد تھے، منگل کی صبح ڈوکرانی بمک گلیشیئر کے علاقے میں دروپدی کی ڈنڈا چوٹی پر برفانی تودے کی زد میں آ گئی۔ بعض ذرائع نے ٹیم کے ارکان کی تعداد 40 سے 50 تک بتائي ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق اس حادثے میں دس افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ 4 افراد کی لاشیں برفانی تودے سے باہر نکال لی گئيں۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر ہندوستانی فضائیہ نے امدادی کارروائی شروع کی اور 26 افراد کو بچالیا۔ اطلاعات کے مطابق 28 افراد لاپتہ ہیں۔ دروپدی کی ڈنڈا چوٹی 5771 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔
منگل کی شام کو دروپدی کے ڈنڈا علاقے میں موسم خراب ہو گیا اور برف باری بھی ہوئی جس کے باعث امدادی کارروائی روکنی پڑی۔ اب بدھ کو دوبارہ امدادی کارروائی شروع ہوگی۔