Oct ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۲:۴۳ Asia/Tehran
  • کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی گھر میں نظر بند

محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات بتایا گیا کہ مجھے شمالی کشمیر کے علاقے پٹن جانے کی اجازت نہیں ہے۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے دعوی کیا کہ انھیں گھر میں نظر بند کر دیا گیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں محبوبہ مفتی نے نظر بند کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات بتایا گیا کہ مجھے شمالی کشمیر کے علاقے پٹن جانے کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پولیس نے ہمارے گھر کے دروازوں کو باہر سے تالہ لگا دیا ۔

محبوبہ مفتی کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ اگر ایک سابق وزیر اعلیٰ کے بنیادی حقوق کو اس طرح آسانی سے دبایا جاسکتا ہے تو عام لوگوں کی حالت کا کیا تصور کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی جانب سے نظر بند رکھنے کے دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے نقل و حمل پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے اور وہ سفر کرنے کے لئے آزاد ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بدھ کی صبح اپنے ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ مجھے گھر میں نظر بند رکھا گیا ہے صرف اس لئے کہ مجھے ایک پارٹی کارکن کی شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے لئے پٹن جانا تھا۔

ٹیگس