Oct ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۸:۲۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں مذہبی ہم آہنگی کے تحفظ پر فاروق عبداللہ کی تاکید

جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ہندوستان میں نفرتیں پھیلانے اور لوگوں میں تفرقہ ڈالنے سے ملک مضبوط نہیں ہو سکتا۔

ہندوستان کے زیر انتظام جموں وکشمیر کی نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ اور سابق وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعے کے روز ممبئی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نفرتیں پھیلانے اور لوگوں میں تفرقہ ڈالنے سے ملک مضبوط نہیں بلکہ کمزور ہوگا جو ملک کی سالمیت اور آزادی کے لئے بالکل بھی سود مند نہیں ہے ۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب اُن طاقتوں کےخلاف صف آراء ہوجائیں جو ملک کو کمزور کرنے پر تلی ہوئی ہیں ۔

تقریب میں این سی پی سربراہ شری شرد پوار، پروفل پاٹل، اودھو ٹھاکرے ، جاوید اختر اور ملک کے سرکردہ سیاسی لیڈران بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہمیں ملک کے عوام کو متحد کرکے اُن طاقتوں کے خلاف لڑنا ہوگا جو ملک کو کمزور کررہی ہیں، اور وہ طاقتیں باہر نہیں بلکہ ملک کے اندر ہیں اور ان کا قلع قمع کرنا انتہائی ضروری ہے“۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کی مذہبی ہم آہنگی اور سیکولر کردار کو ہر صورت میں بچانا ہوگا۔

ٹیگس