Oct ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: جے پی حکومت پر ملک اور سماج کو بحران کے حوالے کر دینے کا الزام

ہندوستان میں کانگریس پارٹی کے نو منتخب صدر نے بی جے پی حکومت پر ملک اور سماج کو بحران کے حوالے کر دینے کا الزام لگایا ہے۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کے مطابق کانگریس پارٹی کے نو منتخب صدر ملک ارجن کھڑگے نے، بدھ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے اپنی لاقانونیت سے ملک کے سامنے بہت سے مسائل کھڑے کردیئے ہیں۔
یہ تقریب ملک ارجن کھڑگے کو پارٹی کا صدر منتخب ہونے کی سند تفویض کرنے کے لئے منعقد کی گئی تھی۔
کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی بقول ان کے انتشار پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک اور سماج بحران سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس پارٹی ایک ذمہ دار تنظیم ہونے کی وجہ سے، ملک و قوم کو بی جے پی حکومت کے پیدا کردہ سبھی بحرانوں سے نجات دلانا اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے ۔
کانگریس صدر نے کہا کہ پارٹی کے سبھی لیڈران اور کارکنوں کو متحد ہو کر بی جے پی حکومت کے پیدا کردہ مسائل اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنا چاہئے۔
ملک ارجن کھڑگے نے کانگریس پارٹی کا صدر منتخب ہونے کو اپنے لئے قابل فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ ان کے لئے بڑے فخر کی بات ہے کہ پارٹی نے ان کے جیسے ایک عام کارکن کو صدارت کی ذمہ داری سونپی ہے۔

ٹیگس