ہندوستانی وزیرخارجہ کا دورہ ماسکو
ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے دورہ ماسکو میں روسی وزیرخارجہ سر گئی لاورف سے باہمی دلچسپی کے معاملات اور اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی۔
ہندوستانی وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان اور روس، تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا اور چند قطبی نظام کی جانب بدلتے ہوئے عالمی حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ اچھا اور مضبوط تعاون کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان اور روس کے تعلقات وقت کی کسوٹی پر، ہمیشہ کھرے اترے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی بات چیت کی ۔
ایس جے شنکر نے کہا کہ دہشت گردی اور ماحولیاتی آلودگی، ایسے مسائل ہیں جن سے دنیا روبرو ہے اور ہم نے ان موضوعات پر بھی بات چیت کی ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی وزیر خارجہ نے اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات میں روس یوکرین جنگ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ۔
واضح رہے کہ روس یوکرین جنگ کے دوران ماسکو پر مغربی ملکوں کی پابندیوں کے باوجود ہندوستان نے امریکی مخالفت کو نظرانداز کرتے ہوئے روس سے بھاری مقدار میں تیل کی خریداری کا معاہدہ کیا ہے اور وہ روس سے تیل درآمد کر رہا ہے۔