Nov ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۳ Asia/Tehran
  • بھارت جوڑو یاترا نے ملک کا سیاسی منظر نامہ بدل دیا، کانگریس پارٹی

کانگریسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا نے ملک کا سیاسی منظر نامہ بدل دیا ہے۔

ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق کانگریس پارٹی کے میڈیا سیل کے انچارج جے رام رمیش، قومی ترجمان راگنی نائک اور کانگریس پارٹی کے شعبہ خواتین کی سابق قومی صدر شوبھا اوجھا سمیت، سینیئر کانگریسی رہنماؤں نے اندور میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں بھارت جوڑو یاترا کی اہمیت اور اثرات سے متعلق سوالوں کے جوابات دیئے۔

کانگریسی رہنماؤں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کو ملنے والی زبردست عوامی حمایت نے، پارٹی کو پھر سے متحرک اور ملک کا سیاسی منظرنامہ تبدیل کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا چھبیس جنوری تک سری نگر پہنچے گی ۔

یاد رہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا سات ستمبر کو تمل ناڈو کے علاقے کنیا کماری سے شروع ہوئی، اور کرناٹک، کیرالا، آندھرا پردیش ،تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے مراحل طے کرنے کے بعد چاردن قبل مدھیہ پردیش میں داخل ہوئی ۔ مدھیہ پردیش میں داخل ہونے پر یاترا کا زبردست استقبال کیا گیا اور اتوار کو یہ یاترا اندور پہنچی ہے۔

ٹیگس