اسلام امن کا حامی اور دہشت گردی کا مخالف دین: ہندوستان کی قومی سلامتی کے مشیر
ہندوستان کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے اسلام کو امن کا حامی اور دہشت گردی کا مخالف قرار دیا ہے۔
سحر نیوز ہندوستان: ہندوستان کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے منگل کو دہلی کےانڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں انڈونیشیا کے ایک اعلی سطحی وفد سے خطاب میں کہا کہ دنیا میں اسلام کی تشریح اور اس کے جدید پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اسلام ایسا مذہب ہے جو امن شانتی، رواداری، اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آیا ہے اور اس مذہب میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ہندوستان کی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے کہا کہ جمہوریت میں جہاں دہشت گردی کے لئے کوئی گنجائش نہیں ہوتی وہیں نفرت انگیز بیانات اور تقاریر کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے کی بھی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ سماج میں نفرت پھیلانے والوں کی شناخت کرکے انہیں تنہا کئے جانے کی ضرورت ہے۔
یاد رہےکہ ہندوستان میں گزشتہ چند برسوں کے دوران انتہا پسند ہندو رہنماؤں نے اقلیتی مذاہب کے ماننے والوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف اپنی نفرت انگیز تقاریر کے ذریعے ہندوستانی سماج کو مذہبی منافرت کے ذریعے تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے۔