ہندوستان؛ سمندری طوفان کے پیش نظر جنوب مشرقی ریاستوں میں الرٹ جاری
خلیج بنگال میں سمندری طوفان اور تیز بارش کے باعث جنوبی ریاست تمل ناڈو میں الرٹ جاری کردیا گيا ہے۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈيا کے مطابق محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ جنوب مغربی خلیج بنگال میں منڈوس نامی طوفان کے اثرات کے پیش نظر ریاست تمل ناڈو میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے جس کے سبب اسکول اور کالج بند کردئے گئے ہيں-
تمل ناڈو میں شدید بارش کی بابت لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے اور ریاستی حکومت نے این ڈی آر ایف اور نیم فوجی دستوں کے سیکڑوں جوانوں کو مختلف اضلاع میں تعینات کردیا ہے۔
اُدھر ریاست آندھرا پردیش کے وزیر اعلی نے بھی خلیج بنگال میں سمندری طوفان کے پیش نظر اعلی افسران کی ہنگامی میٹنگ کی اور انتظامیہ کو پوری طرح چوکس رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ آندھرا پردیش میں بھی محکمۂ موسمیات نے متعدد اضلاع میں شدید بارش کا خدشہ ظاہر کیا ہے-
واضح رہے کہ سمندری طوفان منڈوس ممکنہ طور پر نو اور دس دسمبر کی درمیانی رات خلیج بنگال کے ساحلوں پانڈیچری اور شری ہری کوٹہ سے ٹکرا سکتا ہے۔