Dec ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اہم مسائل میں حکومت کی خاموشی پر گہری تشویش

ہندوستان میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی نے ملک کے اہم مسائل میں حکومت کی خاموشی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی نے بدھ کو پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سےخطاب میں کہا کہ سرحدوں کی حفاظت، بے روزگاری، آئینی اداروں پر حملے اور مہنگائی جیسے سلگتے ہوئے مسائل پر حکومت کی خاموشی اور اراکین پارلیمان کا جواب نہ دینا سب سے زیادہ تشویش کی بات ہے ۔
انھوں نے اسی کے ساتھ حکومت پر نفرت پھیلا کر ہندوستانی سماج کو تقسیم کرنے کی پالیسی پر چلنے کا الزام بھی لگایا۔
سونیا گاندھی کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی حالت بہت خراب ہوچکی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر نے کہا کہ حکومت روزگار فراہم کرنے سے قاصر ہے، نوجوانوں کے سامنے روزگار کا بہت بڑا بحران پیدا ہوگیا ہے لیکن حکومت کسی بھی سوال کا جواب دینے اور پارلیمنٹ میں بحث کرانے کے لئے تیار نہیں ہے۔
دوسری طرف پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں حزب اختلاف کے اراکین نے سرحد پر چین کے ساتھ جاری تنازعے اور بعض دیگر موضوعات پر بحث کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق اسپیکر اوم برلا نے جیسے ہی کارروائی شروع کی اور وقفہ سوالات کا اعلان کیا ، حزب اختلاف کے اراکین اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور چین کے ساتھ تنازعے کے مسئلے میں حکومت کے طرزعمل کو قابل اعتراض بتا کر نعرے بازی شروع کردی ۔
حزب اختلاف کے اراکین نے اسپیکر سے چین کے ساتھ ملنے والی سرحد کی صورتحال اور ملک کو درپیش دیگر اہم مسائل پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔

حزب اختلاف کے اراکین نے چین کے ساتھ کشیدگی کو قومی سلامتی کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بتانا چاہئے کہ وہ اتنے اہم مسئلے پر بحث کرانے سے کیوں بھاگ رہی ہے۔

ٹیگس