جے شری رام کے نعرے پر ممتا بنرجی کی ناراضگی
ہندوستان میں ہوڑہ اسٹیشن پر وندے بھارت ایکسپریس کے افتتاح کے موقع پر بی جے پی حامیوں کے جے شری رام کے نعرے لگانے کی وجہ سے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی ناراض ہوگئیں اور اسٹیج سے اتر کر سامعین کی صف میں بیٹھ گئیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنب نے انہیں منانے کی کوشش کی مگر ممتا بنرجی اسٹیج پر نہیں آئیں تاہم گورنر کی درخواست پر انہوں نے وزیراعظم مودی جو ویڈیو لنک کے ذریعہ موجود تھے، کی موجودگی میں مختصر خطاب کیا۔
رپورٹ کے مطابق ممتا بنرجی جیسے ہی ہوڑہ اسٹیشن پر پہنچیں بی جے پی حامیوں کا ایک گروپ جےشری رام کا نعرہ لگانے لگا ۔ اس پر ممتا بنرجی نے ناراضگی ظاہر کی ۔ ممتا بنرجی نے اسٹیج پر آنے کے بجائے نیچے سے وندے بھارت کو ہری جھنڈی دکھائی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ہوڑہ سے نیو جلپائی گوڑی کے درمیان چلنے والی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ وہ ذاتی طور پر اس تقریب میں شرکت کرنے والے تھے لیکن اپنی والدہ کے انتقال کی وجہ سے انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس میں شرکت کی۔