ہندوستان کو جدید سائنس کی دنیا کی سب سے جدید تجربہ گاہ بنانے کا اعلان
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کو جدید سائنس کی دنیا کی سب سے جدید تجربہ گاہ بنانے کے عزم کا اعلان کیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: نئ دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے مہاراشٹرا کی آر، ٹی، ایم، این، یونیورسٹی میں انڈین سائنس کانگریس کا بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ افتتاح کیا ۔
انھوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ آئندہ پچیس برس میں ہندوستان جن بلندیوں پر ہوگا اس میں ملک کے سائنسدانوں کا کردار بنیادی ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان جس نقطہ نظر کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اس کے نتائج دیکھے جا رہے ہیں ۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے دعوی کیا کہ ہندوستان بہت تیزی سے سر فہرست ممالک میں شامل ہو رہا ہے۔ نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ ملک کی خواتین کو بھی سائنس کے ذریعے با اختیار بنانا چاہتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشرہ ترقی کررہا ہے۔
انھوں نے خواتین کو ہر شعبے میں آگے بڑھانے کے عزم کا اعلان ایسی حالت میں کیا ہے کہ ہندوستان میں آج بھی خواتین کے ساتھ ناروا سلوک ، امتیازی رویہ اور تشدد کی شکایتیں عام ہیں ۔ خاص طور پر نچلے طبقے کی خواتین کے ساتھ جنسی تشدد اور جنسی زیادتی کے بعد انہیں قتل کردیئے جانے کی واراداتوں میں اضافہ بتایا گیا ہے۔