Jan ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۳ Asia/Tehran
  • جموں میں بھارت جوڑو یاترا کے دوران دو پراسرار دھماکے

ہندوستان کے زیر انتظام جموں میں بھارت جوڑو یاترا کے دوران دو، پراسرار دھماکوں کی خبر ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق یہ دونوں مشکوک دھماکے جموں کے علاقے نروال میں ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکے، دو گاڑیوں کے اندر ہوئے۔ ان دھماکوں میں چھے افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پہلا دھماکہ مقامی وقت کے مطابق سواگیارہ بجے ہوا اور اس کے پندرہ منٹ بعد دوسرا دھماکہ ہوا۔دھماکے کے فورا بعد پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ یہ دونوں مشکوک دھماکے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب کانگریسی رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا، جموں سے سری نگر کی طرف رواں دواں ہے اور جموں و کشمیر کے لیفٹینینٹ گورنر سمیت مقامی انتظامیہ کے اعلی حکام نے اعلان کیا تھا کہ یاترا کی حفاظت کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ چھبیس جنوری کے لئے بھی پورے جموں و کشمیر میں حفاظتی انتظامات بڑھا دیئے گئے ہیں ۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریسی رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا جمعرات کی شام جموں پہنچی تھی اور جمعے کو سری نگر کی جانب روانہ ہوئی۔ جموں سے سری نگر کے لئے روانہ ہونے پر یاترا میں شیوسینا رکن پارلیمان، سنجے راوت بھی شریک ہوئے ۔ اس کے علاوہ نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ دیگر رہنماؤں کے ہمراہ بھارت جوڑو یاترا کے استقبال کے لئے جمعرات کو ہی، جموں پہنچ گئے تھے۔ انھوں نے یاترا میں شرکت کی اور راستے میں خطاب بھی کیا۔

ٹیگس