کشمیر میں بھارت جوڑو یاترا
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں برفباری کے ساتھ ہی راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا بھی جاری ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: جموں سے موصولہ رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا اتوار کو ضلع سانبہ سے دوبارہ شروع ہوئی ۔ کاںگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا ایسی حالت میں جاری ہے کہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر سخت سردی کی لپیٹ میں ہے اور اکثر علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ برفباری سے بھارت جوڑو یاترا کی رفتار متاثر ہوئی ہے۔
یا د رہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا سات ستمبر کو ریاست تامل ناڈو کے علاقے کنیا کماری سے شروع ہوئی اور مختلف ریاستوں سے گزرتے ہوئے، گزشتہ جمعرات کی شام ریاست پنجاب سے جموں میں داخل ہوئی ۔ ہمارے نمائندے کے مطابق جموں کے مختلف علاقوں میں بھارت جوڑویاترا کا عوام نے زبرست استقبال کیا ہے۔
بھارت جوڑو یاترا کے لئے پورے جموں و کشمیر میں حفاظتی انتظامات بڑھا دیئے گئے ہیں لیکن گزشتہ روز جموں کے علاقے نروال میں دو مشکوک دھماکے ہوئے ۔ پروگرام کے مطابق بھارت جوڑو یاترا تیس جنوری کو سری نگر کے شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی ۔