Jan ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • نیپال سمیت دہلی اور یوپی میں زلزلہ، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے

نیپال سے لے کر دہلی اور یوپی تک تقریباً ڈھائی بجے لوگوں نے کئی مقامات پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے۔ زلزلے کے یہ جھٹکے تقریباً 10 سے15 سیکنڈ تک جاری رہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: آج دوپہر دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ فی الحال کسی طرح کے نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ ٹویٹر پر بہت سے لوگوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے شدید جھٹکے محسوس کیے ہیں۔ اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لوگ خوفزدہ ہوگئے۔ اس کے ساتھ ہی رودر پور میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ ایس ایس پی آفس میں موجود پولیس اہلکار بھی دفتر سے باہر نکل آئے۔ ریاست کے رام نگر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 29 منٹ پر محسوس کیے گئے۔

نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) کے مطابق نیپال میں آج دوپہر 2 بج کر 28 منٹ پر ریکٹر اسکیل پر 5.8 کی شدت کا زلزلہ آیا۔ اس زلزلے کا مرکز نیپال چین سرحد کے قریب بیچیا نامی جگہ پر تھا۔ جو نیپال کا مغربی صوبہ ہے۔ نیپال کے اس زلزلے کے جھٹکے یوپی  کے مرکزی شہر لکھنؤ میں بھی محسوس کیے گئے۔ نیپال سے لے کر دہلی اور یوپی تک تقریباً ڈھائی بجے لوگوں نے کئی مقامات پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے۔ زلزلے کے یہ جھٹکے تقریباً 10 سے 15 سیکنڈ تک جاری رہے۔ جس کی وجہ سے لوگ خوف و ہراس میں گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

ٹیگس