Feb ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۵:۴۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں نئے مالی سال کا بجٹ پیش

ہندوستان کی مرکزی وزیرخزانہ نرملا سیتارمن نے دوہزار تیئیس اور چوبیس کے مالی سال کا بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کردیا ہے

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے نئے سالانہ عام بجٹ میں متوسط طبقے کے تنخواہ دار ملازموں کو کسی حدتک راحت دی گئی ہے اور اب سالانہ سات لاکھ کی ذاتی آمدنی والے افراد کو انکم ٹیکس دینے سے مستثنی قرار دے دیا گیا ہے - ہندوستان کے نئے مالی سال کے بجٹ میں کسانوں کے لئے ڈیجیٹل پبلک پلیٹ فارم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے - ہندوستانی وزیر‍ خزانہ نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم اوپن سورس پر مبنی ہوگا اور سب کے لئے جامع ہوگا۔

ہندوستان کے نئے بجٹ کے مطابق کھلونے ، سائیکل ، آٹو موبائل اور الیکٹرانیک سامان سستے ہوں گے اس کے ساتھ ہی کچھ موبائل فون اور کیمرے کے لینز بھی سستے ہوں گے جبکہ سونا اور سگریٹ مہنگی ہوگی - بجٹ میں نوجوانوں کے لئے بھی کچھ اعلانات کئے گئے ہیں جن میں مختلف ریاستوں میں تیس اسکیل انڈیا انٹرنیشنل سینٹر قائم کئے جائیں گے-

حزب اختلاف کی جماعتوں نے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ایک بار پھر غریبوں اور مزدوروں پر بوجھ پڑے گا اور بجٹ میں عوام کو جھوٹی امیدیں دلائی گئی ہیں جبکہ چند سرمایہ داروں کو ہی فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے کانگریس پارٹی نے کہا ہے کہ بجٹ میں زمینی حقائق کو نظر انداز کیا گیا ۔ 

ٹیگس