انڈین سپریم کورٹ نے اڈانی گروپ سے متعلق خبروں پر پابندی سے انکار کردیا
ہندوستان کی سپریم کورٹ نے اڈانی گروپ پر ہنڈن برگ رپورٹ سے متعلق میڈیا پر خبریں نشر کرنے پر پابندی لگائے جانے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس جے۔ بی۔ پارڈی والا، کی بنچ نے ایڈوکیٹ ایم ایل۔ شرما کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ہم اس معاملے میں میڈیا کو کوئی حکم امتناعی جاری نہیں کرنے والے ہیں۔ ہم جلد ہی احکامات جاری کریں گے۔
درخواست گزار ایڈوکیٹ شرما نے خصوصی تذکرے کے دوران بنچ کے سامنے عرض کیا کہ امریکی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ہنڈن برگ کو اڈانی گروپ سے متعلق خبریں شائع کرنے سے اس وقت تک روکا جانا چاہئے جب تک عدالت اس معاملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم نہیں دیتی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میڈیا ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ کو متاثر کرنے اور سرمایہ کاروں میں خوف و ہراس پھیلانے والی خبریں نشر کرتا رہا ہے۔
عدالت عظمیٰ نے سترہ فروری کو سماعت کے بعد کہا تھا کہ وہ ہنڈن برگ رپورٹ کی تحقیقات کے لیے قائم کی جانے والی کمیٹی کے ارکان کے طور پر مرکز کے ذریعہ تجویز کردہ ماہرین کے ناموں کو مہر بند لفافے میں قبول نہیں کرے گی۔
عدالت عظمیٰ کے اس موقف کے بعد اڈانی گروپ کی کمپنی کے اسٹاک کی قیمتیں گر گئیں اور مبینہ طور پر بہت سے سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔