Mar ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • ملک کی معیشت مضبوط اور مستحکم ہونے کا مودی کا دعوی

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی حکومت کے نو برس میں ملک کی معیشت مضبوط اور مستحکم ہونے کا دعوی کیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو پوسٹ بجٹ وبینار کے دسویں سیشن سے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت کے نو برس میں معیشت کی جڑیں مضبوط کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ۔ 
انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت ہمت، وضاحت اور یقین کے ساتھ فیصلے کرتی ہے۔ 
انھوں نے کہا کہ آج ہندوستان ایک عالمی معیشت کے طور پر قدم جمارہا ہے اور اس کا مستقبل روشن ہے۔ ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان عالمی سپلائی چین کا ایک اہم حصہ بن گیا ہے۔ 
ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ نئے بجٹ میں حکومت نے ایم ایس ایم ای سیکٹر کے یونٹوں کے لئے اضافی دو لاکھ کروڑ روپے کے قرض کی ضمانت فراہم کی گئی ہے۔ 
نریندر مودی نے دعوی کیا کہ آج سے آٹھ دس برس پہلے بقول ان کے ہندوستان کا مالیاتی اور بینکاری نظام تباہی کے دہانے پر تھا لیکن آج ملک ایک مضبوط اور مستحکم مالیاتی اور بینکاری نظام کا مالک ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نے اپنے دور حکومت میں معیشت کے مستحکم ہونے کا دعوی ایسی حالت میں کیا ہے کہ حزب اختلاف کے ساتھ ہی معیشتی امور اور اقتصادیات کے بعض ماہرین ان کی حکومت کی معاشی مالیاتی پالیسیوں کو سرمایہ داروں اور کارپوریٹ طبقے کے فائدے اور عوام کے نقصان میں بتاتے ہیں۔ 
حزب اختلاف کی جماعتوں کا الزام ہے کہ مودی حکومت نے اپنے کارپوریٹ دوستوں کے ہزاروں کروڑ کے قرضے معاف کردیئے لیکن کسانوں کے معمولی قرضے بھی معاف کرنے سے گریز کیا ہے۔

ٹیگس