Mar ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran
  •  کرناٹک میں انتخابی مہم کا آغاز، کانگریس وزیراعظم مودی کے نشانے پر

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست کرناٹک میں انتخابی مہم کے آغاز میں ہی کانگریس پارٹی پر سخت ترین حملے کئے ہیں ۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست کرناٹک میں ایک انتخابی مہم سے خطاب میں کانگریس پارٹی پر شدید ترین حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی مودی کی قبر کھودنےکا خواب دیکھ رہی ہے لیکن وہ کرناٹک کی ترقی کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔

یاد رہے کہ کانگریس پارٹی کے رائے پور کنونشن کے موقع پر پارٹی کے سینیئر رہنما اور میڈیا انچارج پون کھیڑا کنونشن میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ پولیس نے انہیں وزیراعظم کی توہین کے الزام میں ہوائی جہاز سے اتار کر گرفتار کرلیا تھا ۔ اس واقعے کے بعد کانگریسی رہنما اور کارکن زمین پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے تھے جس میں انھوں نے نعرے لگائے تھے کہ مودی تیری قبر کھدے گی ۔

کانگریسی لیڈروں اور کارکنوں کے اس نعرے کا وزیرا‏عظم نریندر مودی اب تک اپنی کئی تقریروں میں ذکر کرچکے ہیں ۔ نریندر مودی نے اتوار کو ریاست کرناٹک میں بھی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے اس نعرے کو کیش کرانے کی کوشش کی تھی ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ کرناٹک کی بی جے پی حکومت کو ڈبل انجن والی حکومت قرار دیا اور اس کی کارکردگی کی وکالت کی ۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں وزیر اعظم مودی بی جے پی حکومت والی ریاستوں کو ڈبل انجن والی ریاست کہہ کے لوگوں کو ریاستوں میں بی جے پی حکومت قائم کرنے کی ترغیب دلانا چاہتے ہیں اور لوگ ان کی اس بات کا یہ مطلب نکالتے ہیں کہ جس ریاست میں بی جے پی حکومت ہوتی ہے وہ اس لئے ڈبل انجن والی یعنی زیادہ با اختیار حکومت ہوتی ہے کہ اس کو مرکزی حکومت کی زیادہ حمایت حاصل ہوتی ہے۔

ٹیگس