Apr ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • ہتک عزت کیس میں راہل گاندھی کو ضمانت

ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے ہتک عزت کیس میں اپنے خلاف سزا کو سورت کی سیشن کورٹ میں چیلنج کردیا ہے

سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس کے رہنما راہل گاندھی آج دہلی سے سورت پہنچے جہاں انہوں نے اپنے خلاف سورت کی مقامی عدالت کے فیصلے کو سیشن کورٹ میں چیلنج کیا - سورت کی سیشن کورٹ نے راہل گاندھی کو تیرہ اپریل تک ضمانت دے دی ۔ ساتھ ہی عدالت نے ان کی ایک مہینے کی عبوری ضمانت کی مدت میں توسیع بھی کردی ہے۔
سورت کی سیشن کورٹ نے اس معاملے میں درخواست گزار کو بھی نوٹس جاری کردیا ہے ۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق راہل گاندھی کی سزا کے خلاف اپیل پر تین مئی کو سماعت ہوگی ۔ راہل گاندھی کے ہمراہ ان کی بہن اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی سورت گئی تھیں جبکہ کانگریس کے متعدد سینیئر رہنما بھی راہل گاندھی کے ساتھ سورت پہنچے تھے ۔
سورت سیشن کورٹ کے باہر کانگریس پارٹی کے کارکنوں اور حامیوں نے راہل گاندھی کے حق میں زبردست نعرے لگائے۔
گیارہ روز قبل سورت کی عدالت نے مودی سرنیم کی مبینہ توہین کے الزام میں راہل گاندھی کو دوسال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت بھی منسوخ کردی گئی تھی ۔
راہل گاندھی کی رکنیت منسوخ ہونے کے بعد ہندوستان میں سیاسی درجہ حرارت تیزی سے بڑھتا جارہا ہے کانگریس پارٹی نے حکومت پر حملہ کرتے ہوئے راہل گاندھی کے خلاف اقدامات کو جمہوریت کا قتل قرار دیا ہے - دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے راہل گاندھی کی طرف سے عدالت میں اپیل دائر کئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ راہل گاندھی جیل جانے سے ڈرتے ہیں۔

ٹیگس