Apr ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۴:۲۳ Asia/Tehran
  • ہندوستانی پارلیمنٹ میں بدھ کو بھی کارروائی نہ چل سکی

ہندوستانی پارلیمنٹ میں حزب اختلاف اور حکمراں جماعت کے درمیان نعرے بازی اور ہنگاموں کے باعث بدھ کو بھی کارروائی نہ چل سکی ۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ چند روز کے وقفے کے بعد بدھ کو دوبارہ شروع ہوا۔ 
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بدھ کو بھی حزب اختلاف اور حکمراں اتحاد کے اراکین کے درمیان نعرے بازی اور ہنگاموں کا سلسلہ جاری رہا ۔ ہمارے نمائندے کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں کارروائی کا آغاز ہوتے ہی حزب اختلاف کے اراکین جو کالے لباس پہنے ہوئے تھے، نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کے بیچ پہنچ گئے۔
جواب میں حکمراں اتحاد کے اراکین نے بھی کانگریس پارٹی کے خلاف نعرے بازی شروع کردی اور ہنگامہ بڑھنے کے بعد کارروائی معطل کردی گئی ۔
رپورٹ کے مطابق ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی کارروائی شروع ہوتے ہی حزب اختلاف کے اراکین اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر اونچی آواز میں، اڈانی کے معاملے میں مشترکہ پارلیمانی تحقیقاتی کمیٹی کا مطالبہ کرنے لگے۔ ہنگامہ بڑھنے کے بعد چیئرمین جگدیش دھنکڑ نے کارروائی پہلے دو بجے دن تک اور پھر پورے دن کے لئے ملتوی کردی ۔ 
یاد رہے کہ ہندوستانی پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ تین ہفتے قبل شروع ہوا لیکن اس درمیان حزب اختلاف اور حکمراں جماعت کے اراکین کی نعرے بازیوں اور ہنگاموں کی وجہ سے ایک دن بھی کارروائی معمول کے مطابق نہ چل سکی ۔

ٹیگس