Apr ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۶ Asia/Tehran
  • مخالف سیاستداں کا سرعام قتل، عدالت کے کام میں مداخلت ہے، کانگریس

ہندوستان میں بی جے پی حکومت کے ایک مخالف سیاستداں کے سر ام قتل کو کانگریس پارٹی نے عدالت کے کام میں مداخلت قرار دیا ہے ۔

سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس پارٹی کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ جن لوگوں نے آزادی کی جدوجہد میں حصہ لیا، انہیں ہمارے آئین اور قانون میں اعلی مقام حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر کوئی مجرم ہے تو اس کو سزا دینے کا اختیار صرف عدلیہ کو حاصل ہے ۔ انھوں نے کہا کہ عدلیہ کا یہ اختیار کسی بھی حکومت، کسی رہنما یا قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی فرد کو نہیں دیا جاسکتا ۔
انھوں نے کہا کہ جو کوئی بھی سیاسی مقاصد کے لئے عدالتی نظام میں مداخلت کرتا ہے تاکہ سماج کو ڈرایا دھمکایا جائے، اس کو سزا ملنی چاہئے ۔
اس سے پہلے کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی نے بھی کہا تھا کہ مجرم کو سخت ترین سزا ملنی چاہئے لیکن یہ کام ملک کے قانون کے تحت ہونا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ جو بھی ملک کے عدالتی نظام سے کھلواڑ کرے یا ایسا کرنے والوں کو تحفظ دے، اس کے خلاف بھی قانون پر سختی سے عمل ہونا چاہئے۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریسی رہنماؤں نے یہ بیان الہ آباد میں سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد اور ان کے بھائی کو دن دیہاڑے ، ٹی وی کیمروں کے سامنے گولی مار کر قتل کردیئے جانے پر دیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق ایم پی اے عتیق احمد اور ان کے بھائی پولیس کسٹڈی میں چیک اپ کے لئے اسپتال پہنچنے کے بعد صحافیوں کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے کہ تین افراد ان کے قریب پہنچے اور صحافیوں کے کیمروں کے سامنے ان پر گولیاں برسا دیں۔ حملہ آوروں نے قتل کی اس واردات کے بعد انتہا پسندانہ نعرے بھی لگائے۔  

ٹیگس