Apr ۱۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ہم جنس پرستوں کی شادی کا مسئلہ

مرکزی حکومت نے ایک بار پھر حلف نامہ داخل کرکے تمام عرضیوں کو خارج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہم جنس پرستوں کی شادی کو تسلیم کرنے کے مطالبے پر سماعت سے پہلے مرکزی حکومت نے ایک بار پھر سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔

مرکز نے سی جے آئی ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی آئینی بنچ کے سامنے ایک حلف نامہ داخل کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہم جنس پرستوں کی شادی ایک شہری اشرافیہ کا تصور ہے، جو ملک کے سماجی اقدار سے بہت دور ہے۔

مرکزی حکومت نے حلف نامہ میں کہا ہے، 'شادی کے تصور کو ہم جنس پرست یونین سے آگے بڑھانا ایک نیا سماجی ادارہ بنانے کے مترادف ہے۔ صرف پارلیمنٹ ہی تمام دیہی، نیم دیہی اور شہری آبادیوں کے وسیع خیالات اور آوازوں، مذہبی فرقوں کے خیالات اور پرسنل لاز کے ساتھ ساتھ شادی کے علاقے پر حکمرانی کرنے والے رسوم و رواج کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ لے سکتی ہے۔ عدالت اس معاملے میں کوئی فیصلہ نہیں لے سکتی۔

اس کے علاوہ مرکزی حکومت نے حلف نامے میں کہا ہے کہ کیس کی سماعت سے پہلے وہ عرضیوں پر فیصلہ کرسکتے ہیں کہ ان کی سماعت کی جاسکتی ہے یا نہیں؟

یاد رہے کہ جمعیۃ علماء ہند نے بھی ان عرضیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خاندانی نظام پر حملہ ہے اور تمام 'ذاتی قوانین' کی مکمل خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی پانچ رکنی آئینی بنچ منگل سے ملک میں ہم جنس شادیوں کو قانونی تسلیم کرنے کی عرضیوں پر سماعت کرے گی۔ اس کیس کی سماعت اور فیصلے کا اس ملک پر وسیع اثر پڑے گا، کیونکہ عام شہری اور سیاسی جماعتیں اس موضوع پر مختلف آراء رکھتی ہیں۔

ٹیگس