مسلمانوں کے لئے ہندوؤں سے اچھا دوست اور مودی سے اچھا لیڈر نہیں: بی جے پی کا دعوی
بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر رہنما شاہنواز حسین نے دعوی کیا ہے کہ مسلمانوں کے لئے ہندوستان سے اچھا ملک، ہندوؤں سے اچھا دوست اور نریندر مودی سے اچھا کوئی لیڈر نہیں ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر رہنما شاہنواز حسین نے اپنی رہائشگاہ پر عید ملن پارٹی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کے لئے مکمل امن و سکون اور بھائی چارہ پایا جاتا ہے۔ بی جے پی رہنما شاہنواز حسین نے یہ دعوی ایسی حالت میں کیا ہے کہ گزشتہ رام نومی تہوار کے موقع پر ہندوستان کے مختلف علاقوں میں انتہا پسند ہندوؤں نے مسلمانوں کے گھروں اور مساجد پر حملے کئے تھے اور رام نومی پر سب سے زیادہ مساجد اور مسلمانوں کو شاہنواز حسین کی آبائی ریاست بہار میں نشانہ بنایا گیا تھا ۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر ترجمان شاہنواز حسین نے اپنی گفتگو میں ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی پر رام نومی کی طرح عید پر بھی کشیدگی پھیلانے کا الزام لگایا اور ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ جیسے بی جے پی رہنماؤں کو امن پسند قرار دیا ۔
بی جے پی کے سینیئر ترجمان شاہنواز حسین نے مسٹر مودی کا سلوگن سب کا ساتھ سب کا وکاس دوہراتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی آئین میں سب کو مساوی حقوق دیئے گئے ہیں چاہے وہ اکثریت ہو یا اقلیت۔ شاہنواز حسین نے ہندوستان کے آئین میں اکثریت اور اقلیت سب کو برابر حقوق دیئے جانے کی بات ایسی حالت میں کہی ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں بی جے پی حکومت پر جو الزامات کثرت سے لگاتی ہیں ان میں آئین کے منافی اقدامات بھی شامل ہیں ۔