Apr ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۳ Asia/Tehran
  • حکومت پرائم منسٹر کیئرز فنڈ کے بارے میں وائٹ پیپر جاری کرے: کانگریس کا مطالبہ

ہندوستان میں حزب اختلاف کانگریس پارٹی نے حکومت سے پرائم منسٹر کیئرز فنڈ کے بارے میں وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے منگل کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم کیئرز فنڈ میں بقول ان کے شفافیت کا فقدان ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پرائم منسٹر کیئرز فنڈ کی بقول ان کے کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے ۔ 
انھوں نے کہا کہ اس فنڈ میں بڑے پیمانے پر پیسے آ رہے ہیں اور خرچ کئے جا رہے ہیں لیکن اس فنڈ کے تعلق سے حکومت کے پاس جواب دہی اور شفافیت کا کوئی نظام نہیں ہے ۔ 
کانگریس پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ پرائم منسٹر کیئرز فنڈ کے سلسلے میں مقننہ کو کوئی اطلاع نہیں ہے بنابریں اس کی قانونی حیثیت پر سوالیہ نشان لگتا ہے۔ 
انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس فنڈ کے حوالے سے شکوک و شبہات کو دور کرنے اور شفافیت کو ثابت کرنے کے لئے وائٹ پیپر جاری کرے ۔ 
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں کورونا وبا کے پھیلاؤ میں شدت کے زمانے میں لوگوں نے پی ایم کیئرز فنڈ میں دل کھول کر پیسے جمع کرائے تھے۔ 
اپوزیشن کے بعض رہنماؤں نے الزام لگایا ہے کہ پی ایم کیئرز فنڈ میں آنے والی رقوم کو عوام کی منشا کے برخلاف اور بی جی پی کی مقبولیت بڑھانے کے لئے خرچ کیا گیا ہے۔ 

ٹیگس