May ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۶:۵۰ Asia/Tehran
  • جموں کے علاقے راجوری میں سیکورٹی فورس اور عسکریت پسندوں کے مابین تصادم

ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے علاقے راجوری میں ہندوستانی سیکورٹی فورس اور مسلح عسکریت پسندوں کے درمیان طویل معرکہ آرائی کے دوران پانچ ہندوستانی فوجی اور متعدد عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان:ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے زیرانتظام جموں کے علاقے راجوری میں پچھلے کئی گھنٹے سے سیکورٹی فورس اور مسلح عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم جاری ہے جس میں پانچ ہندوستانی فوجی اور متعدد عسکریت پسندوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔ تصادم شروع ہوتے ہی، علاقے میں انٹرنیٹ سروس بندکردی گئی۔ یہ تصادم راجوری کے کنڈی ٹول علاقے میں جاری ہے۔ 
جموں کشمیر کی پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں اب بھی عسکریت پسندوں کے موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں مسلح عسکریت پسندوں کے موجود ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیموں نے آپریشن شروع کیا اور دونوں ہی جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے تین روز میں ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر میں اس نوعیت کا یہ تیسرا تصادم ہے۔

ٹیگس