سری نگر میں گروپ بیس کا سیاحتی اجلاس سخت حفاظتی انتظام میں پیر سے شروع
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر مقام سری نگر میں گروپ بیس کا سیاحتی اجلاس سخت حفاظتی انتظام میں پیر سے شروع ہو رہا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان:سری نگر سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سیاحت کے موضوع پر گروپ بیس کے رکن ملکوں کا تیسرا اجلاس پیر کو سری نگر کے شیر کشمیر بین الاقوامی کنوینشن ہال میں شروع ہو گيا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق شیر کشمیر بین الاقوامی کوینشن ہال کے اطراف میں سخت ترین سیکورٹی انتظامات کے گئے ہیں۔ شیر کشمیر بین الاقوامی کنوینشن ہال ڈل جھیل کے کنارے واقع ہے ، اس لئے پوری ڈل جھیل کئی دن پہلے سے ہی سیکورٹی دستوں کے کنٹرول میں دے دی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی پورے سری نگر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران ہر قسم کی دہشت گردانہ کارروائی کے خدشے کے پیش نظر تھری لیئر سیکورٹی کا انتظام کیا گیا ہے ۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر مقام سری نگر میں گروپ بیس کا سیاحتی اجلاس پیر سے ایسے عالم میں شروع ہو رہا ہے کہ چین نے اس اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا ہے ۔
چین نے کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دیتے ہوئے اجلاس میں شرکت سے انکار کیا ہے ۔
ہندوستان نے کشمیر کے بارے میں چین کے موقف کو مسترد کرتےہوئے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔
یاد رہے کہ کشمیر کا ایک بڑا حصہ ہندوستان کے اور ایک حصہ پاکستان کے کنٹرول میں ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان اب تک چار جنگیں ہو چکی ہیں۔