ہندوستان: سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں 40 مسلح افراد ہلاک
پولیس نے بتایا کہ تشدد سے متاثرہ علاقوں میں امن قائم کرنے کے لیے فوج کی جانب سے کومبنگ آپریشن شروع کرنے کے بعد تازہ جھڑپیں شروع ہوئیں جن کے دوران کم از کم چالیس مبینہ مسلح افراد مارے جا چکے ہیں۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق منی پور کے وزیر اعلیٰ این برین سنگھ نے ریاست میں حالیہ نسلی فسادات کا ذمہ دار کوکی قبیلے کے عسکریت پسندوں کو قرار دیتے ہوئے انہیں دہشت گرد قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم 40 مسلح عسکریت پسند جو مبینہ طور پر گھروں کو نذر آتش کرنے اور شہریوں پر فائرنگ کرنے میں ملوث تھے، وہ انسداد بغاوت کے ایک آپریشن میں مارے گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ تشدد سے متاثرہ علاقوں میں امن قائم کرنے کے لیے فوج کی جانب سے کومبنگ آپریشن شروع کرنے کے بعد تازہ جھڑپیں شروع ہوئیں، پولیس کے مطابق شہریوں پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپریشن لتن پوکپی، سیرو، سوگنو، یانگنگ پوکپی اور ٹروبنگ میں کیے جا رہے ہیں ۔
تازہ ترین جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب فوج نے امن قائم کرنے کے لیے کمیونٹیوں کو مسلح کرنے کے لیے کومبنگ آپریشن شروع کیا۔ سنگھ نے دعویٰ کیا کہ یہ جھڑپیں حریف برادریوں کے درمیان نہیں بلکہ کوکی عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تھیں۔