Jun ۲۴, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • امت شاہ، وزیر داخلہ ہندوستان (فائل فوٹو)
    امت شاہ، وزیر داخلہ ہندوستان (فائل فوٹو)

کشمیر میں ہڑتال اور پتھراؤ اب قصہ پارینہ بن گئے اور وہاں کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، یہ خیال ہے ہندوستان کے وزیر داخلہ امیت شاہ کا۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے دورے پر گئے ہندوستان کے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو اپنے ایک خطاب میں کشمیری نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کا مستقبل بندوق اور پتھراؤ میں نہیں بلکہ پوری دنیا آپ کے ٹیلنٹ کی منتظر ہے۔

راج بھون سری نگر میں خطاب کے دوران ان کا خیال تھا کہ کشمیری نوجوانوں کے ہاتھوں میں بندوق اور پتھر تھمانے والے کھبی بھی ان کے خیر خواہ نہیں تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دفعہ تین سو ستر کی منسوخی کے بعد کشمیر بہت بدل گیا، ہڑتال اور پتھراؤ اب قصۂ پارینہ بن چکے ہیں اور حالات پر بھی پوری طرح سے قابو پایا گیا اور اس وقت وادی کشمیر میں ہر سو امن و امان کی فضا قائم ہے۔

مرکزی وزیر نے اپوزیشن جماعت کانگریس اور مقامی سیاسی پارٹیوں پر بھی نشانہ سادھا، انہوں نے الزام لگایا کہ گاندھی ، عبداللہ اور مفتی خاندان نے کبھی بھی جمہوریت کو نچلی سطح پر پنپنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔

خیال رہے کہ ہندوستان کے وفاقی وزیر داخلہ کا بیان ایسے عالم میں سامنے آیا ہے کہ کشمیر کے عوام اور وہاں کی سیاسی جماعتیں دفعہ تین سو ستر کی منسوخی کو لے کر سخت ناراض ہیں اور کشمیر میں حالات کی بہتری کے حوالے سے وفاقی حکومت کے تمام دعووں کو مسترد کرتے ہوئے مسلسل آرٹکل تین سو ستر کی بحالی اور جموں و کشمیر کی خودمختار حیثیت بحال کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ٹیگس