کشمیر: سخت حفاظتی انتظامات میں امرناتھ یاترا شروع
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں امرناتھ یاترا شروع ہونے پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق گاڑیوں کا ایک قافلہ جمعہ کی علی الصبح سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان کشمیر روانہ کیا گیا ۔ جمعرات کو یاتریوں کی پہلی کھیپ جموں کے بیس کیمپ بھگوتی نگر پہنچی ۔ پہلی بار یاترا کے دوران تودے گرنے والے مقامات سے گزرتے ہوئے پتھروں سے بچنے کے لیے ہیلمٹ دیا جا رہا ہے۔
عقیدت مند ہفتہ کو بالٹال اور پہلگام کے روایتی راستے سے مقدس غار کی طرف روانہ ہوں گے۔ بالٹال کے راستے سے جانے والا یہ دستہ درشن کرنے کے بعد ہفتہ کو ہی واپس آئے گا۔
دوسری جانب انتظامیہ نے جموں سری نگر ہائی وے پر مسافروں کے لیے کٹ آف ٹائمنگ بھی جاری کر دی ہیں ۔ اس کے مطابق امرناتھ یاتریوں کے علاوہ دیگر گاڑیوں کو چھوڑا جائے گا۔ یہ قدم مسافروں کی حفاظت اور ٹریفک جام کی پریشانی سے بچنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ تاہم قافلوں کی روانگی کے دوران یاترا کے راستے پر عام گاڑیوں کی آمدورفت بند رہے گی۔