پرینکا گاندھی کا وزیراعظم مودی پر حملہ، ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کیوں ہے؟
پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ انتخابات میں لیڈروں کو عوامی مسائل پر بات کرنی ہوگی، انہیں بتانا ہوگا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کیوں ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج گوالیار میں منعقدہ ’جن آکروش ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی سیاست کی جنگ سچائی کی جنگ ہے۔ اس دوران انہوں نے مہنگائی، بے روزگاری، گھپلوں اور پٹواری بھرتی میں دھاندلی کا مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ جس صنعت کار کو وزیراعظم نے ساری جائیداد سونپ دی ہے، وہ ایک دن میں 1600 کروڑ روپے کما رہا ہے، دوسری طرف ہمارا کسان ایک دن میں 27 روپے کمانے سے بھی قاصر ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں منعقدہ ایک اجلاس میں وزیراعظم نے ملک کے اپوزیشن لیڈروں اور پارٹیوں کو چور کہا اور ملک کے سینئر لیڈروں کی توہین کی۔ منی پور پچھلے کئی مہینوں سے جل رہا ہے لیکن وزیر اعظم خاموش رہے۔ وہ 77 دن تک خاموش رہے اور جب بولے تو اس میں بھی سیاست کی۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ آج مہنگائی زندگی پر بوجھ بن چکی ہے، خواتین مہنگائی کا بوجھ اٹھا رہی ہیں ۔ ایسے وقت میں لوگوں پر تنقید کرنا مناسب نہیں۔ لیڈروں کو انتخابات میں عوامی مسائل پر بات کرنی ہوگی۔ انہیں بتانا ہوگا کہ مہنگائی کیوں ہے، بے روزگاری کیوں ہے؟
ریلی کے دوران پرینکا گاندھی نے ان وعدوں کو دہرایا جو کانگریس حکومت بنانے کے بعد پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں میں ہماری حکومتیں ہیں وہاں پرانی پنشن اسکیم لاگو کی گئی ہے ۔