Sep ۰۶, ۲۰۲۳ ۲۱:۲۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: منی پور کے پانچ اضلاع میں کرفیو

ہندوستان کی ریاست منی پور کی حکومت نے حالات کو دیکھتے ہوئے ریاست کے پانچ اضلاع میں کرفیو لگا دیا ہے۔

ریاست منی پور کے صدر مقام اِمپھال میں واقع ایک اہم سول سوسائٹی کی تنظیم منی پور کوآرڈینیشن کمیٹی آن منی پور انٹیگریٹی (سی او سی او ایم آئی)نے بے گھر لوگوں سے اپنے گھروں کو واپسی لوٹنے کی اپیل کی تھی جس کے پیش نظر منی پور حکومت نے بدھ کے روز ریاست کے پانچ اضلاع میں مکمل کرفیو نافذ کر دیا۔

تین مئی کو چورا چند پور ضلع میں تشدد پھوٹنے کے بعد ساٹھ ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے تھے۔ چورا چند پور، مورِہ، اور کانگ پوکپی میں دو قبیلوں کے درمیان تشدد پھوٹ پڑا تھا جس کے دوران ایک قبیلے کے لوگوں نے دوسرے قبیلے کے تمام گھروں کو تباہ کرنے کی خبر سامنے آئی تھی۔

اطلاعات ہیں کہ پہاڑی علاقوں میں رہنے والے کچھ رہائشیوں نے حالات بہتر ہونے پر اپنے گھروں کو واپس جانے کی خواہش ظاہر کی لیکن انہیں واپس جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر فوج اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روکا تو بھی وہ گھروں میں داخل ہوں گے۔ ریاستی وزیر اطلاعات ڈاکٹر سُپم رنجن نے کمیٹی سے اپیل واپس لینے کی اپیل کی۔

اِمپھال ویسٹ، امپھال ایسٹ، بِشنو پور، کاکچِنگ اور تھوبل اضلاع میں باز آبادکاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک بڑی بغاوت کے خدشے کے پیش نظر پورے دن کے لیے کرفیو نافذ رہا۔

ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ باقی گیارہ اضلاع میں دن کے وقت کرفیو میں نرمی کی جائے گی۔

ٹیگس