ہندوستان: آندھر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو گرفتار، مالی بدعنوانی کا الزام
ہندوستان کی جنوبی ریاست آندھر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو کو آج صبح گرفتار کرلیا گیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی جنوبی ریاست آندھر پردیش کے سابق وزیر وزیر اعلیٰ اور تیلگو دیشم پارٹی، ٹی ڈی پی، کے سربراہ این چندر بابو نائیڈو کو سی آئی ڈی نے آج صبح 6 بجے نندیال قصبے سے گرفتار کیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق چندر بابو نائیڈو کو انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق چندر بابو نائیڈو کو 371 کروڑ روپے کے مبینہ "اے پی اسکل ڈیولپمنٹ اسکینڈل"کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ ان پر غیر ضمانتی دفعات لگائی گئی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ عدالت کو کیس سے متعلق تمام تفصیلات اور مواد دستیاب کرادیا گیا ہے۔
آندھر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو کے وکیل کا کہنا ہے کہ ہم ضمانت کے لئے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں۔