تیلگودیشم پارٹی کے قومی صدر سے سی آئی ڈی کی باز پرس
ہندوستان میں تیلگودیشم پارٹی کے قومی صدر اور آندھرپردیش کے سابق وزیراعلی چندر بابو نائیڈو سے، سی آئی ڈی کے بارہ عہدیداروں پر مشتمل ٹیم نے جیل میں پوچھ گچھ کی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق تفتیش کا یہ عمل اتوار کو بھی جاری رہے گا۔
جیل حکام نے چندر بابو نائیڈو سے پوچھ گچھ کے لیے کانفرنس ہال تیار کیا تھا جس میں یہ پوچھ گچھ کی گئی۔ قبل ازیں چندرا بابو نائیڈو کا طبی معائنہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ وجئے واڑہ کی اے سی بی کورٹ نے جمعہ کو چندر بابو نائیڈو کو دو دن کے لئے سی آئی ڈی کی تحویل میں بھیجنے کے احکامات دیئے تھے۔
عدالت نے کہا تھا کہ چونکہ چندر بابو نائیڈو عدالتی تحویل میں ہیں، اسی لئے سنٹرل جیل میں ہی ان سے پوچھ گچھ کی جانی چاہیے۔
عدالت نے ہدایت دی تھی کہ وکیل سے مشورہ کرنے کے لیے چندرا بابو کو ہر گھنٹے میں پانچ منٹ کا وقفہ دیا جائے۔ عدالت نے کہا تھا کہ صرف سی آئی ڈی کے ویڈیو گرافر سے اس کی ریکارڈنگ کی جائے اور پوری ویڈیو مہر بند لفافے میں عدالت میں پیش کی جائے۔