Sep ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی پراقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کا الزام

امریکہ کے ایک ادارے نے ہندوستان کی حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کا الزام لگایا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے ہندوتوا واچ نامی ایک ریسرچ گروپ نے اپنی تازہ رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ ہندوستان میں نفرت انگيز تقاریر کے زیادہ تر معاملات میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران ملوث ہوتے ہیں ۔ امریکا کے مذکورہ ریسرچ گروپ نے دعوی کیا ہے کہ اس کی یہ رپورٹ نفرت انگیز تقاریر کے دو سو پچپن واقعات کی تحقیقات پر مشتمل ہے ۔

اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے اسّی فیصد واقعات ان ریاستوں میں پیش آئے ہیں جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے۔ امریکہ کے ریسرچ گروپ ہندوتوا واچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو ہزار چودہ میں نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد ہنوستان میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کا رجحان بڑھا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہاراشٹرا، کرناٹک، مدھیہ پردیش ، راجستھان اور گجرات میں مسلمانوں کے خلاف سب سے زیادہ نفرت انگیز تقاریر ریکارڈ کی گئیں۔

امریکہ کے ہندوتوا واچ نامی گروپ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلی، قانون ساز اداروں کے اراکین اور اس پارٹی کے سینیئير لیڈران بھی نفرت انگیز تقاریر میں ملوث پائے گئے ہیں۔

ٹیگس