ہندوستان: مسلمان شخص کے لئے انڈے بیچنا بنا مصیبت، گرفتار کرکے جیل بھیجا
ہندوستان کی ریاست اترا کھنڈ میں پولیس نے ایک مسلمان شخص کو انڈے بیچنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ریاست اترا کھنڈ کے شہر ہری دوار کے علاقے ہرکی پوڑی میں نطام الدین نامی ایک مسلمان کو پولیس نے انڈے بیچنے کے الزام میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ گرفتار کئے گئے شخص کا تعلق اترپردیش کے شہر مراد آباد سے ہے۔
ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق مقامی تھانے کے انچارج سنجیو چوہان نے بتایا کہ "ملزم کو انڈے بیچنے کے الزام میں حراست میں لے کر جیل بھیج دیا گیا ہے۔"
رپورٹ کے مطابق نظام الدین پر الزام ہے کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انڈے فروخت کر رہا تھا۔ یہ گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب کچھ لوگوں نے نظام الدین کو 5 کارٹن انڈوں اور ایک بوری کے ساتھ پکڑ کر افسران کو اطلاع دی۔
انڈے بیچنے کے الزام میں ایک مسلمان شخص کی گرفتاری پر سوشل میڈیا پر بحث ہو رہی ہے۔ کچھ لوگوں نے اس گرفتاری پر سوال اٹھاتے ہوئے اسے عام کاروبار میں مصروف شخص کے خلاف غیر ضروری کارروائی قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک سماجی کارکن نے سوال اٹھاتے ہوئے لکھا ہے کہ "ہندوستان میں انڈے بیچنا کب سے جرم بن گیا؟"