Dec ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کا معاملہ، لوک سبھا کی کارروائی دوسرے دن بھی متاثر

ہندوستان کی اپوزیشن جماعتوں نے آج دوسرے دن بھی لوک سبھا کی کارروائی نہيں چلنے دی۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے آج مسلسل دوسرے دن بھی وقفہ سوالات شروع ہوتے ہی پارلیمنٹ کی سیکورٹی کے معاملے پر ایوان کی کارروائی نہيں چلنے دی جس کی بنا پرکارروائی دو بجے تک کے لئے معطل کردی گئی۔ پریزائیڈنگ افسر راجیند اگروال نے جیسے ہی وقفہ سوالات شروع کیا اپوزیشن پارٹیوں نے نعرے بازی شروع کردی ۔ اپوزیشن ممبران پارلیمنٹ اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے اور نعرے بازی کررہے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ تین روز قبل پارلیمنٹ کی سامعین گیلری سے کود کر دو افراد نے رنگین دھواں چھوڑ دیا تھا جسے اپوزيشن جماعتیں پارلیمنٹ کی سیکیورٹی میں کوتاہی قرار دے رہی ہيں ۔ ہنگامے کے باعث اپوزیشن کے چودہ ممبران پارلیمنٹ کو اجلاس کے بقیہ اوقات کے لئے ایوان سے معطل کردیا گيا ۔

اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ پی جے پی کے جس ممبر پارلیمنٹ کی مدد سے شرپسند ایوان میں پہنچے اس کے خلاف کارروائی کے بجائے حکومت سے سوال پوچھنے پراپوزیشن ممبران پارلیمنٹ کو معطل کیا جا رہا ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔

ٹیگس