Feb ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۴:۵۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: سماجوادی پارٹی  کے رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمن برق انتقال کر گئے

ہندوستان میں سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمن برق کا آج چورانوے سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمن برق کافی دنوں سے علیل تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے، لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ آج صبح انھوں نےآخری سانس لی - ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی سیاسی و سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

بتایا گيا ہے کہ شفیق الرحمن کی طبیعت فروری ماہ کے شروع میں زیادہ خراب ہو گئی تھی جس کے بعد انھیں مراد آباد میں واقع ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

شفیق الرحمن برق کا انتقال سماجوادی پارٹی کے لیڈران و کارکنان کے لیے شدید جھٹکا ہے، کیونکہ پارٹی نے انھیں آئندہ پارلیمانی انتخاب کے لیے بھی امیدوار نامزد کیا تھا اور وہ جیت کے مضبوط دعویدار تھے۔

شفیق الرحمن برق ہندوستان کی پارلمینٹ میں سب سے زیادہ سن رسیدہ ممبر تھے وہ چار بار رکن اسمبلی اور پانچ بار رکن پارلمینٹ رہ چکے تھے انہوں نے انیس سو چھیانوے میں پہلی بار سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی اور دوہزار چودہ میں انہوں نے بی ایس پی کی طرف سے الیکشن لڑا تھا اور اس میں بھی وہ کامیاب رہے اور آخری الیکشن ایک بار پھر انہوں نے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر دوہزار انیس ميں لڑا تھا اور پارلیمنٹ میں پہنچے تھے، ان کے انتقال پر سیاسی لیڈروں نے غم کا اظہار کیا ہے۔

ٹیگس